ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملک بھر میں بائیں بازو کے کارکنوں کے گھروں پر پولس ریڈ؛ مودی کے قتل کی سازش رچنے کے الزام میں پانچ مائو نوازوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

ملک بھر میں بائیں بازو کے کارکنوں کے گھروں پر پولس ریڈ؛ مودی کے قتل کی سازش رچنے کے الزام میں پانچ مائو نوازوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

Wed, 29 Aug 2018 00:21:55    S.O. News Service

پونے 28؍اگست (ایس او نیوز) بھیما کوریگاوں میں ہوئے تشدد کے واقعات اور اُن واقعات کے پس منظر میں مبینہ طور پر وزیراعظم نریندر مودی پر ممکنہ قاتلانہ  حملے کی سازش کے  سلسلے میں پونے پولس نے منگل کو ملک کی چھ ریاستوں میں بیک وقت چھاپے مارتے ہوئے پانچ مائو نوازوں  کو پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ تازہ گرفتاریاں   اسی سال جون میں گرفتار کئے گئے  پانچ مائونوازوں سے پوچھ تاچھ کے بعد  کی گئی ہیں، پولس کا دعویٰ ہے کہ گرفتار کئے گئے سبھی افراد کا تعلق  پابندی عائد کئے گئے مائونواز تنظیموں اور نکسلیوں سے ہیں۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق آج کے چھاپے میں گرفتار کئے گئے لوگوں میں  حیدرآباد سے ورورا رائو اور نئی دہلی سے گوتم نولکھا بھی شامل ہیں جن پر نریندر مودی کے قتل کی سازش کا الزام لگایا گیا ہے۔

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ گزشتہ سال پونے میں ایک پروگرام کے بعد مہاراشٹر کے  بھیماکورے گاؤں میں ہوئے تشدد کی تحقیقات کے بعدیہ سبھی چھاپے مارے گئے ہیں۔ آفسر کے مطابق    ممبئی  میں  ویرنون گونجالوس اور ارون فریرا، چھتیس گڑھ میں   ٹریڈ یونین کارکن سدا بھاردواج کے گھروں کی تلاشی لی گئی ہے۔

پولس کے اعلیٰ آفسر نے بتایا کہ  مذکورہ چھاپے آج منگل صبح مارے گئے جن میں پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار شدگان کی شناخت  ورورا رائو، ویرنون گونسالویز، ارون پریرا،  سدھا بھاردواج  اور گوتم نولکھا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

اُدھر کانگریس اور بھریپا بہوجن مہاسنگھا (بی بی ایم)  نے پولس کی اس کاروائی کی سخت مذمت کی ہے۔ بی بی ایم  کے صدر پرکاش امبیڈکر نے  اسے حکومت کے ذریعہ لوگوں کو خاموش کرنے کی کاروائی قرار دیا ہے، اور کہا ہے کہ  مذکورہ کاروائی سناتن سنستھا کے انتہا پسندوں کے خلاف کاروائی کی اہمیت کو کم کرنے کے لئے کی گئی ہے۔ا نہوں نے وارننگ دی ہے کہ اس طرح غیر سرکاری تنظیموں کی سرگرمیاں مزید بڑھ جائیں گی اور ملک کی جمہوریت اور انسانی حقوق کی مخالفت کے لئے  وہ مزید زائد طاقت سے  بی جےپی حکومت کی مخالفت کریں گے۔


Share: